سعودیہ میں دنیا کے سب سے بڑے اور قدیم دستی کلہاڑے کی دریافت

الولا: دنیا کے سب سے بڑے اور قدیم دستی کلہاڑے کی سعودی عرب سے دریافت ہوئی ہے، جو انتہائی قدیم یعنی قبل از تاریخ دور سے تعلق رکھتا ہے۔ اس کی لمبائی 20 انچ سے زیادہ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے علاقے الولا میں ماہرین آثار قدیمہ نے ایسا دستی کلہاڑا دریافت کیا، جس کے بارے میں ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ دنیا میں اب تک کا سب سے بڑا دستی کلہاڑا ہے۔ پتھر سے بنا یہ آلہ 20.2 انچ (51.3 سینٹی میٹر) لمبا ہے اور اس حجم کے باوجود یہ آسانی سے دو ہاتھوں سے پکڑا جاسکتا ہے۔
محققین کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے شمال مغربی سعودی عرب کے علاقے الولا کے بالکل جنوب میں قرہ کے میدان میں یہ اہم دریافت کی۔ ہاتھ کی کلہاڑی کے دونوں اطراف کو تیز کیا گیا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اسے اشیا کو کاٹنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہوگا۔
تاہم ماہر آثار قدیمہ اور کھدائی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر عمر کان اکسوئے کا کہنا تھا کہ اس دستی کلہاڑے کے استعمال کا طریقہ کار کیا تھا، کون سی نسل کے لوگ استعمال کرتے تھے اور یہ کہ یہ کتنا پرانا ہے، ابھی تک واضح نہیں ہوسکا ہے۔ درست تاریخ کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ ایک اندازے کے مطابق سائٹ پر پائے جانے والے دیگر اوزار کی طرح یہ دستی کلہاڑا بھی 200,000 سال پہلے کا ہوسکتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔