سب سے لمبے اور چھوٹے باڈی بلڈرز کے منفرد عالمی ریکارڈز

لندن: دُنیا میں قدوقامت کے لحاظ سے ایک دوسرے کی بالکل الٹ دو باڈی بلڈرز نے منفرد عالمی ریکارڈز اپنے نام کرلیے ہیں۔
بھارت کے پرتیک وٹھل موہیت گنیز بُک کے تحت دُنیا کے سب سے چھوٹے قد کے حامل باڈی بلڈر قرار پائے ہیں، ان کا قد صرف 3 فٹ اور 4 انچ ہے لیکن وہ پیشہ ور باڈی بلڈر ہیں جو 2016 سے تن سازی کے مقابلوں میں حصہ لیتے آرہے ہیں۔

25 سالہ موہیت کا قد پیدائشی طور پر چھوٹا ہے جب کہ باقی جسم کے مقابلے میں ان کے بازو اور ٹانگیں نمایاں طور پر مختصر ہیں۔
اس نوجوان نے اپنی جسمانی کمی کا ازالہ باڈی بلڈنگ سے کیا اور اپنی مسلسل محنت اور ہمت سے، ایک پیشہ ور باڈی بلڈر کی حیثیت سے، اپنے لیے الگ مقام بنایا۔

موہیت کا کہنا ہے کہ اب وہ ایک منٹ میں سب سے زیادہ ڈنڈ پیل کر (پش اپس لگا کر) اگلا ریکارڈ اپنے نام کرنے کی تیاری میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ہالینڈ کے اولیویئر رکٹر المعروف ’’ڈچ جائنٹ‘‘ کو دنیا کا سب سے لمبا باڈی بلڈر قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ 7 فٹ اور 1.9 انچ قد والے اولیویئر رکٹر کو گنیز ورلڈ ریکارڈ کی نئی کٹیگری ’’شوقیہ اور مقابلوں میں حصہ نہ لینے والے باڈی بلڈر‘‘ کے تحت یہ اعزاز دیا گیا ہے کیونکہ وہ فٹنس ٹرینر ہیں اور فلموں میں بھی کام کرتے ہیں۔
باڈی بلڈنگ ان کا شوق ہے اس لیے انہوں نے آج تک اس کے کسی مقابلے میں حصہ نہیں لیا۔ انہوں نے مارویل اسٹوڈیوز کی ’’بلیک ویڈو‘‘ میں ’’اُرسا‘‘ کے کردار سے فلموں میں اداکاری کا آغاز کیا جو اسی سال ریلیز ہوئی ہے۔

بہت جلد وہ ’’دی کنگز مین‘‘ سیریز کی اگلی فلم میں بھی نظر آئیں گے جس کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔