واشنگ مشینوں سے بنائے گئے بلند ترین اہرام کا عالمی ریکارڈ

لندن: دُنیا مختلف دلچسپ چیزوں سے بھری ہے، روزانہ ہی اس حوالے سے نت نئے رجحانات سامنے آتے ہیں، تازہ اطلاع کے مطابق برطانیہ کی ایک کمپنی نے الیکٹرانکس کی ری سائیکلنگ کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے انوکھا کارنامہ انجام دیا ہے۔
کریز پی سی ورلڈ نامی کمپنی نے روزمرہ استعمال ہونے والی اشیا کو دوبارہ کارآمد بنانے کی اہمیت پر زور دینے کے لیے ہزار سے زائد واشنگ مشینوں کو اہرام کی شکل میں جمع کردیا۔
1,496 ری سائیکل شدہ واشنگ مشینوں کو ایک بہت بڑے اہرام میں جمع کرکے پچھلا عالمی ریکارڈ بھی کریز پی سی ورلڈ نے توڑ دیا اور گنیز ورلڈ ریکارڈ کا اعزاز بھی اپنے نام کروالیا ہے۔

واشنگ مشینوں کے اہرام کو 44 فٹ اور 7 انچ کی بلندی دی گئی۔ یہ گھریلو اشیا سے تعمیر کیا گیا اب تک کا بلند ترین شاہکار ہے۔ عام طور پر لوگ قابلِ مرمت اشیا کو کچرا سمجھتے ہیں۔ اسی سوچ کو ختم کرنے کے لیے کمپنی نے یہ قدم اٹھایا ہے۔
اہرام کی بنیاد 256 واشنگ مشینوں پر مشتمل ہے، جس کی پیمائش ہر طرف سے 31 فٹ، 7.5 انچ ہے۔ اہرام کی شکل دینے کے لیے اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ تینوں جانب سے پیمائش برابر ہو۔
کمپنی نے کہا کہ ریکارڈ کی کوشش کا مقصد الیکٹرانکس کے لیے ری سائیکلنگ سے متعلق عوام میں بیداری پیدا کرنا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔