طیارے میں موجود سانپ دوران پرواز مسافروں کے لیے وبال جان بن گیا

بینکاک: برسہا برس قبل مشہور ہالی وُڈ فلم Snakes on a Plane میں سانپ کو ہوائی جہاز میں دکھایا گیا تھا۔ اب تھائی لینڈ کی ایک فلائٹ میں ایسا ہی واقعہ پیش آیا جب دورانِ پرواز ہوائی جہاز میں سانپ کو موجود پایا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں مسافروں کے سروں پر بنے ایک خانے پر سانپ رینگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
واقعہ تھائی لینڈ کی ایئر ایشیا کی پرواز میں پیش آیا جو بینکاک سے فوکٹ جارہی تھی۔ دورانِ پرواز ایک مسافر کی جانب سے توجہ دلانے پر فلائٹ اٹینڈنٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سانپ کو پکڑنے کی کوشش کی۔
ویڈیو میں عملے کے فرد کو دیکھا جاسکتا ہے جو شروع میں سانپ کو پلاسٹک کی بوتل میں ڈالنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن آخر میں بوتل کا استعمال کرتے ہوئے سانپ کو پلاسٹک کے تھیلے میں ڈال دیتا ہے۔
ایئر ایشیا تھائی لینڈ کے کارپوریٹ سیفٹی کے سربراہ، فول پومپوانگ نے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ یہ واقعہ فلائٹ FD3015 پر پیش آیا، جو بینکاک کے ڈان میوانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی تھی۔
سربراہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پرواز کے فوکٹ میں اترنے سے پہلے ایک مسافر نے فلائٹ اٹینڈنٹ کو مطلع کیا کہ سامان رکھنے کی جگہ پر ایک سانپ موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایئر ایشیا کے عملے کو اس قسم کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اچھی تربیت دی جاتی ہے، فلائٹ اٹینڈنٹ نے سانپ کو پکڑنے سے پہلے احتیاطی تدابیر کے طور پر مسافروں کو دوسری طرف منتقل کردیا، جس کے بعد انہوں نے سانپ کو بغیر کسی خطرے کے باآسانی پکڑلیا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔