انوار کاکڑ کو نگراں وزیراعظم بنانے کی سمری پر صدر نے دستخط کردیے

اسلام آباد: بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما انوار الحق کاکڑ کو نگراں وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی سمری پر صدر مملکت نے بھی دستخط کردیے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں آج نگراں وزیراعظم کے حوالے سے مشاورت کا دوسرا دور ہوا، جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف لاہور روانہ ہوگئے۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو نگراں وزیراعظم بنائے جانے کی تصدیق کی۔
راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ انوار الحق کاکڑ کا نام میں نے دیا تھا، وزیراعظم شہباز شریف اور میرے درمیان انوار الحق کاکڑ کو نگراں وزیراعظم بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے اور وزیراعظم نے اس فیصلے پر دستخط بھی کردیے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق کے فیصلے پر دستخط کے بعد سمری منظوری کے لیے صدر مملکت کو بھجوادی۔
صدر نے انوارالحق کاکڑ کی بطور نگراں وزیراعظم تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 224 ایک اے کے تحت دی۔
ترجمان ایوان صدر کا کہنا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے نگراں وزیراعظم کے لیے بھیجی گئی سمری پر دستخط کردیے ہیں۔
ترجمان کے مطابق صدر مملکت نے انوارالحق کاکڑ کی بطور نگراں وزیراعظم تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 224 ایک اے کے تحت دی ہے۔
انوارالحق کاکڑ کو نگراں وزیراعظم کی سیکیورٹی دے دی گئی۔
ترجمان وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قائد حزب اختلاف کا مشاورتی عمل میں تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے اور وزیراعظم نے 16 ماہ میں بطور بہترین حزب اختلاف کی قیادت پر بھی شکریہ ادا کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انوار الحق کاکڑ کو نگراں وزیراعظم کی سیکیورٹی دے دی گئی ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔