حکومت کا تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی: شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، تحریک لبیک پر پابندی کا فیصلہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کیا گیا، پنجاب حکومت کی سفارش کے بعد تحریک لبیک پر پابندی کی سمری کابینہ کو منظوری کے لیے بھیجی جارہی ہے، راستے بند کرنے اور قانون توڑنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں خود ختم نبوت کا مجاہد ہوں، (ن) لیگ نے ختم نبوت پرترمیم کی تو میں نے اسمبلی میں آواز اٹھائی، جس ملک میں وزیر داخلہ ختم نبوت کا مجاہد ہو، اس ملک میں کوئی ختم نبوت کا مسئلہ نہیں، ہمارے دور میں ناموس رسالت کے خلاف کوئی کام نہیں ہوسکتا، آج بھی اس بات پر قائم ہیں اسمبلی میں ناموس رسالت کا بل پیش کریں گے، لیکن ہم ایسا مسودہ چاہتے ہیں جس سے نبی ﷺ کا علم بلند ہو، جو آپ چاہتے ہیں اس سے دنیا میں ہمارا انتہاپسندی کا امیج جائے گا۔
قبل ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت امن وامان کی صورت حال پر اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، سیکریٹری داخلہ، آئی جی پنجاب انعام غنی، چیف کمشنر و آئی جی اسلام آباد، کمشنر راولپنڈی، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں تحریک لبیک کی جانب سے ہونے والے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ پولیس، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ کو علاقے کلیئر کرانے پر مبارک باد اور اس دوران شہید ہونے والے پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید کا اجلاس میں کہنا تھا کہ موٹرویز، جی ٹی روڑ اور باقی بڑی سڑکیں ٹریفک کے لیے کلیئر ہیں، لیاقت باغ، ترنول، بارہ کہو، روات کے راستے بحال کردیے، رینجرز اور پولیس نے انتظامیہ کے ساتھ مل کر اچھا کام کیا، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، ریاست کی رٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔