تاجروں نے 6 بجے تک کاروبار بند کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا!

کراچی: تاجروں نے سندھ حکومت کی جانب سے جاری کی گئی نئی کورونا ایس او پیز کو ماننے سے انکار کردیا۔
کراچی کی بولٹن مارکیٹ ایسوسی ایشن نے حکومت کا صبح 6 سے شام 6 بجے تک کاروبار کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا۔
کراچی کی بولٹن مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر جاوید قریشی کا کہنا ہے کہ چھوٹا تاجر پہلے ہی پس چکا، حکومت سے فیصلوں پر نظرثانی کی اپیل کرتے ہیں۔
تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت خصوصا چھوٹا تاجر اس کا متحمل نہیں ہوسکتا، قلیل دورانیے سے بازار میں رش بڑھے گا، جو کورونا کو بڑھائے گا۔
جاوید قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز پر عمل نہیں کرسکتے، مزاحمت کرنا پڑی تو کریں گے۔
تاجر رہنما رفیق جدون نے کہا کہ کورونا پورے ملک میں ہے، اللہ سب کی حفاظت کرے، لیکن صبح 6 سے شام 6 تک کاروبار کھولنے کا فیصلہ انتہائی مایوس کن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروبار پہلے ہی نہیں، مشکل سے گزارا ہورہا ہے، پورے شہر کو بند کرنا مناسب نہیں۔
خیال رہے کہ سندھ حکومت نے کورونا کیسز کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر نئی ایس او پیز جاری کی ہیں جس کے تحت کاروباری مراکز صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کھولے جاسکیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔