ایشیاکپ میں سلو اوورریٹ، پاکستان اور بھارت پر جرمانہ

دبئی: اتوار کو کھیلے گئے ایشیاکپ کے مقابلے میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان اور بھارت کی ٹیموں پر میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔
دبئی میں اتوار کو اعصاب شکن مقابلے میں دونوں ٹیمیں مقررہ اوورز تک دو دو اوورز پیچھے رہی تھیں، جس پر میچ ریفری جیف کروو نے سزا کے طور پر دونوں کپتانوں کو فی اوور 20 فیصد میچ فیس جرمانہ کیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور بھارتی کپتان روہت شرما نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے جرمانہ قبول کرلیا۔
پاکستان مقررہ وقت تک 20 اوورز کرانے میں ناکام رہا تھا اور محض 17 اوورز ہی کراسکا تھا، نتیجتاً اسے بقیہ 3 اوورز میں پانچ فیلڈرز دائرے کے اندر رکھنے پڑے تھے۔
اس میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارتی ٹیم نے 5 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی تھی جب کہ آل راؤنڈ پرفارمنس پر ہاردک پانڈیا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا اگلا میچ 2 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔