معاشی مشکلات کے باعث دوران طالبعلمی کمانے کی فکر لگ گئی، ہمایوں

کراچی: فلموں اور ڈراموں کے صف اول کے پاکستانی اداکار ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ ایک دور میں ان کے گھر کے حالات اتنے خراب ہوگئے تھے کہ انہیں کم عمری سے کمانے کی کوششیں کرنی پڑیں۔
ہمایوں سعید نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ ان کے کالج کے دور میں ان کا چھوٹا بھائی ایک حادثے میں معذور ہوگیا تھا اور ان کے والد کے کسی بزنس میں پیسے ڈوب گئے تھے، جس کی وجہ سے انہیں 18 سال کی عمر سے ہی کمانے کی فکر کھانے لگی۔
ہمایوں سعید نے بتایا کہ میرے چھوٹے بھائی کو ڈاکٹرز نے کہہ دیا تھا کہ اب یہ کبھی نہیں چل سکتا اور زندگی بھر وہیل چیئر پر ہی رہے گا۔
ہمایوں نے بتایا کہ اس وقت میں کالج میں پڑھ رہا تھا اور ساتھ ساتھ ساری ذمے داری اسپتالوں کے چکر، پیسوں کا انتظام کرنا سب مجھ پر آگیا تھا اور میں کمانے کی کوششوں میں لگ گیا۔
انہوں نے کہا میرا بھائی جو بہت شرارتی اور ہنس مکھ بچہ تھا معذور ہوگیا تو امی ابو اس کو دیکھ دیکھ کر تکلیف سے بالکل ختم ہوگئے۔
ہمایوں کا کہنا تھا کہ وہ وقت ہمارے خاندان کے لیے بے حد مشکل تھا اور ہمیں خاصی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
خیال رہے کہ ہمایوں سعید کے چھوٹے بھائی ایک حادثے میں زندگی بھر کے لیے معذور ہوگئے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔