سعودیہ اور شام سفارتی تعلقات بحال کرنے پر متفق

ریاض/ دمشق: سفارتی تعلقات بحال کرنے پر سعودی عرب اور شام متفق ہوگئے ہیں۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب نے شام میں سفارتی مشن میں کام دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب شام کے خبر رساں ادارے نے وزارت خارجہ کے ذرائع کے حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا کہ شامی حکومت نے سعودی عرب میں سفارت خانے کو پھر سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب سعودی عرب میں 19 مئی کو عرب ممالک کی کانفرنس ہوگی۔
دھیان رہے کہ سعودی عرب اور شام کے درمیان سفارتی تعلقات ایک دہائی سے زائد عرصے سے منقطع تھے۔
اس سے قبل مارچ میں ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ سعودی عرب اور شام باہمی تعلقات کی بحالی کے لیے سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔
مئی کے آغاز میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شام کو عرب لیگ میں دوبارہ شامل کرنے کی قرارداد منظور کی گئی تھی۔
قرارداد کی منظوری کے ساتھ شام میں خانہ جنگی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بحران کے حل پر بھی زور دیا گیا۔
شام میں 2011 کی خانہ جنگی کے خلاف عرب لیگ سے شام کی رکنیت ختم کردی گئی تھی اور بیشتر عرب ممالک نے بھی شام سے تعلقات منقطع کر دیے تھے۔
اسی طرح اپریل 2023 میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے شام کے دارالحکومت دمشق کا دورہ کرکے شامی صدر بشار الاسد سے ملاقات کی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔