پنجاب، کے پی الیکشن التوا کیس: جسٹس امین کی سماعت سے معذرت، لارجر بینچ ٹوٹ گیا

اسلام آباد: عدالت عظمیٰ کے 5 رکنی بینچ میں شامل جسٹس امین الدین نے دو صوبوں میں انتخابات ملتوی کرنے کا کیس سننے سے معذرت کرلی، جس کے بعد عدالت کا لارجر بینچ ٹوٹ گیا۔
عدالت عظمیٰ کا 5 رکنی لارجر بینچ جب سماعت کے لیے آیا تو چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ جسٹس امین الدین خان کچھ کہنا چاہتے ہیں۔
جسٹس امین الدین نے اس موقع پر کیس سننے سے معذرت کرلی، جسٹس امین نے گزشتہ روز کے فیصلے کے تناظر میں مقدمہ سننے سے معذرت کی۔
جسٹس امین نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کے تناظر میں کیس سننے سے معذرت کرتا ہوں۔
جسٹس امین الدین کے بات کرنے کے بعد بینچ کورٹ روم سے چلا گیا۔
جسٹس امین کی جانب سے معذرت کرنے کے بعد عدالت کا لارجر بینچ تحلیل ہوگیا اور اب کیس میں نیا بینچ تشکیل دیا جائے گا۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ نے رولز بنائے جانے تک آرٹیکل 184 تھری (ازخود نوٹس) کے تمام کیسز ملتوی کرنے کا حکم دیا۔
سپریم کورٹ میں حافظ قرآن کو 20 اضافی نمبر دینے کے ازخود نوٹس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بینچ نے فیصلہ جاری کیا۔
خصوصی بینچ میں جسٹس امین الدین اور جسٹس شاہد وحید شامل ہیں اور فیصلہ دو ایک کے تناسب سے جاری کیا گیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔