صدر کا وزیراعظم کو گورنر پنجاب کی تقرری کی ایڈوائس پر نظرثانی کا مشورہ

اسلام آباد: صدر پاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف گورنر پنجاب کی تقرری کے حوالے سے اپنی ایڈوائس پر نظرثانی کریں۔
نجی ٹی وی کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف سے کہا ہے کہ عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز ہیں، نئی تقرری کا کوئی جواز نہیں، آئین کے آرٹیکل 101 (2) کے تحت “گورنر صدر کی خوشنودی تک عہدے پر فائز رہے گا، موجودہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ موجودہ گورنر اپنے عہدے پر برقرار رہیں،وزیراعظم شہبازشریف آئین کے آرٹیکل 48 (1) کے مطابق گورنر پنجاب کی تقرری کے حوالے سے اپنی ایڈوائس پر نظرثانی کریں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کے خط اور رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ کے انتخاب میں اراکین پنجاب اسمبلی کی وفاداریاں بدلی گئیں، پنجاب میں غیر قانونی طریقے سے اکثریت حاصل کرکے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی کی گئی، غیر قانونی اقدامات سے پنجاب میں گورننس کے سنگین مسائل پیدا ہوئے، صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے 17 مئی کے فیصلے سے گورنر کے اصولی مؤقف کی توثیق ہوئی۔
صدر علوی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے 20 مئی کے فیصلے سے بھی گورنر پنجاب کا مؤقف مزید مستحکم ہوا، الیکشن کمیشن نے 25 اراکین صوبائی اسمبلی کے انحراف اور وفاداریاں بدلنے کی تصدیق کی، اور وفاداریاں بدلنے کو “ووٹر اور پارٹی کی پالیسی کو دھوکا دینے کی بدترین شکل” کہا، فیصلے کے مطابق منحرف ہونے والے 25 ایم پی اے پنجاب اسمبلی کے رکن نہیں رہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔