آزاد کشمیر میں عام انتخابات 27 جولائی کو منعقد ہوں گے
مظفرآباد: الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے آزاد کشمیر میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں عام انتخابات 27 جولائی کو ہوں گے۔
کاغذاتِ نامزدگی 9 جون سے 19 جون تک جمع کروائے جاسکیں گے، امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی اسکروٹنی 20 جون کو ہوگی۔
امیدواروں کی فہرست یکم جولائی کو آویزاں کی جائے گی، 2 جولائی کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے، امیدواروں کی حتمی فہرست 2 جولائی کو ہی جاری ہوگی، 27 جولائی کو آزاد کشمیر میں پولنگ ہوگی۔
کاغذاتِ نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 24 جون تک دائر کی جاسکیں گی، الیکشن کمیشن 26 اور 27 جون کو انتخابی اپیلوں کی سماعت کرے گا۔
30 جون آخری تاریخ ہوگی، امیدوار انتخابی دوڑ سے دستبردار ہوسکیں گے، 27 جولائی کو ووٹنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
مظفرآباد میں چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے اہم پریس کانفرنس کی۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے، انتخابی تیاریوں کے سلسلے میں متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطوں اور مشاورت کا عمل جاری ہے، انتخابی شیڈول کے اجرا کے ساتھ ہی ریٹرننگ افسران (آر اوز) کی تعیناتی کا عمل بھی شروع ہوجائے گا۔
انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں شفاف، منظم اور غیر جانبدار انداز میں کرانے کی تیاریاں جاری ہیں، ذرائع کے مطابق امن و امان کے قیام کے لیے فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔
الیکشن کمیشن ذرائع نے کہا کہ آزاد کشمیر میں 34 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، آزاد کشمیر کے انتخابی حلقوں میں 5 لاکھ سے زائد نئے ووٹرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، الیکشن کمیشن نے ضلعی اور انتظامی سطح پر رابطہ کاری کے نظام کو مزید مؤثر بنا دیا ہے۔