وزیراعظم، اسپیکر و دیگر کی زرداری کو صدر منتخب ہونے پر مبارک باد

اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری کو ملک کے نئے صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدرِ پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور کہا کہ قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبوں کے منتخب ارکان نے آصف علی زرداری پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری وفاق کی مضبوطی کی علامت ہوں گے، امید ہے بطور صدر پاکستان آصف علی زرداری اپنی آئینی ذمے داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آصف علی زرداری کا بطور صدر مملکت انتخاب جمہوری اقدار کا تسلسل ہے، اتحادی جماعتیں مل کر پاکستان کی ترقی و خوش حالی کے لیے محنت کریں گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نومنتخب صدر آصف علی زرداری کو دوسری بار صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ آصف علی زرداری کا دوسری بار صدر منتخب ہونا ان پر قومی اسمبلی، سینیٹ آف پاکستان اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ آصف علی زرداری ایک کہنہ مشق، مخلص، مدبر اور زیرک سیاسی رہنما ہیں، نومنتخب صدر کی قیادت میں وفاق اور صوبوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوگا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ نومنتخب صدر آصف علی زرداری جمہوریت کے فروغ اور جمہوری اداروں کے استحکام پر یقین رکھتے ہیں۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور بیان میں کہا کہ آپ کا انتخاب ملک میں جمہوری عمل کے کامیابی سے آگے بڑھنے کا ثبوت ہے۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ قوی امید ہے کہ آپ کی رہنمائی میں ملک میں جمہوریت مزید پروان چڑھے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آصف علی زرداری کو دوسری بار صدر منتخب ہونے پر دلی مبارک باد دی اور کہا کہ صدر زرداری نے ملکی استحکام کو ہمیشہ مقدم رکھا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئین پاکستان کو ایک بار پھر اس کا حقیقی محسن مل گیا ہے، صدر زرداری کی دوررس نگاہ نے ثابت کردیا کہ وہ ایک بہترین صلاح کار ہیں اور وہ تمام ریاستی اکائیوں کو یکجا کرکے ملک کو خوش حالی کی جانب گامزن کریں گے، صدرزرداری کی واضح برتری جمہوریت کی جیت ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔