دوسرا ٹیسٹ، پاکستان نے زمبابوے کو ہراکر سیریز اپنے نام کرلی!
ہرارے: پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 147 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کی ہزیمت سے دوچار کردیا۔
ہرارے میں کھیلے گئے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری مقابلے میں پاکستان نے زمبابوے کو ایک اننگز اور 147 رنز سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا۔
دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلی اننگز میں عابد علی کی ڈبل سنچری کی بدولت زمبابوے کے خلاف 510 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا جس کے جواب میں میزبان ٹیم حسن علی کی بولنگ کے آگے زیادہ دیر کھڑی نہ رہ سکی اور پہلی اننگز میں صرف 132 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان نے زمبابوے کو فالو آن کرانے کے بعد دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، نعمان علی اور شاہین آفریدی کی شاندار 5، 5 وکٹوں کے باعث زمبابوے کی پوری ٹیم صرف 231 رنز پر آؤٹ ہوگئی جس کے باعث پاکستان نے میچ باآسانی جیت لیا۔
عابد علی کو شان دار ڈبل سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جب کہ حسن علی اپنی عمدہ گیند بازی کے سبب سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
خیال رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستان نے زمبابوے کو ایک اننگز 116 رنز سے شکست دی تھی۔