بھارتی جیلوں میں کشمیری قیادت کی خرابیٔ صحت پر پاکستان کا اظہار تشویش!

اسلام آباد: بھارتی قابض افواج کی جانب سے قید کی جانے والی کشمیری قیادت کی صحت کی خراب صورت حال پر پاکستان نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ آسیہ اندرابی سمیت کشمیری رہنماؤں کی مسلسل قید اور صحت کی صورت حال پر پاکستان کو شدید تشویش ہے، کشمیری رہنما شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بھٹ، محمد اشرف صحرائی اور دیگر کورونا وبا کے دوران جیلوں میں قید ہیں، سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق سمیت دیگر کشمیری رہنما بھی نظربند ہیں۔
زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ قابض بھارتی افواج نے کشمیری قیادت کو کشمیر میں نافذ مکروہ قوانین کے تحت بدعنوانی، جھوٹے اور من گھڑت الزامات میں گرفتار کیا ہے، کشمیر میں غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف سیاسی نظریے اور جدوجہد کی بنیاد پر کشمیری قیادت کو نظر بند کرنا آر ایس ایس اور بی جے پی حکومت کی انتہا پسند ذہنیت کی عکاسی ہے، آر ایس ایس اور بی جے پی حکومت کو کشمیری عوام کے انسانی حقوق کا کوئی احترام نہیں۔
زاہد حفیظ چوہدری نے مزید کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کشمیری رہنماؤں کے ساتھ بھارتی غیر انسانی سلوک کا نوٹس لے، عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور اقوام متحدہ کشمیری رہنماؤں کی بھارتی غیر قانونی نظربندی سے رہائی کے لیے آواز اٹھائیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔