چوتھا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے جنوبی افریقا کو ہراکر سیریز جیت لی

سنچورین: پاکستان نے ون ڈے سیریز کے بعد جنوبی افریقا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی زیر کرلیا، ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری معرکے میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد قومی ٹیم 3 وکٹوں سے کامیاب ہوئی، فخر زمان کے جارحانہ 60رنز، فہیم اشرف کفایتی گیند بازی اور 3 وکٹیں  لینے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
تفصیلات کے مطابق چوتھے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 19.3 اوورز میں 144 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے رسی وین ڈر ڈسن 52 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ اوپنر جانمن میلان نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقا کو زیادہ رنز بنانے سے باز رکھنے میں اہم کردار فہیم اشرف نے ادا کیا، اُنہوں نے انتہائی نپی تلی گیند بازی کی اور 4 اوورز میں محض 17 رنز دے کر تین اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حسن علی بھی 3 وکٹیں لیں، تاہم انہوں نے اس کے لیے 40رنز دیے۔ حارث رؤف 2 جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز کے حصے میں 1، 1 وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا، محمد رضوان بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد کپتان بابر اعظم اور فخر زمان کے درمیان 91 رنز کی شراکت بنی، فخر زمان نے 34 گیندوں پر 60 رنز کی باری کھیلی، اُن کی اننگز 4 فلک بوس چھکوں اور 5 چوکوں سے سجی تھی۔ ایک موقع پر پاکستان کا 91 رنز پر 1 کھلاڑی آؤٹ تھا، تاہم بعدازاں بیٹسمینوں کی غیر ذمے داری کے باعث 115 رنز تک پہنچتے پہنچتے قومی ٹیم 6 وکٹیں گنواچکی تھی۔
اس موقع پر جیت مشکل لگ رہی تھی، تاہم محمد نواز نے مشکل صورت حال میں 25 رنز ناٹ آؤٹ کی عمدہ اننگز سجائی اور چھکا لگاکر وننگ شاٹ کھیلا۔ یوں پاکستان نے چار میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 3-1 سے اپنے نام کرلی۔ رانا فہیم اشرف میچ جب کہ بابراعظم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے ون ڈے سیریز میں بھی جنوبی افریقا کو 2-1 سے مات دی تھی اور اس میں فخر زمان اپنی عمدہ بلے بازی کے سبب سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔