پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز کل سے شروع ہوگی

کنگسٹن: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز کل سے ہورہا ہے، تاہم سیریز سے قبل ہی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میزبان ٹیم نے مقابلے سے قبل ہی ہار مان لی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے کوچ فل سمنز نے پاکستان کے سامنے ہوم سائیڈ کو کمزور حریف قرار دیا ہے۔
قبل ازیں چار میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بارش سے شدید متاثر ہوئی اور ایک میچ کا ہی بہ مشکل انعقاد ہوسکا، جس میں فتح پاکستان ٹیم کا مقدر بنی۔ کل پاکستان ٹیم کنگسٹن کے سبینا پارک میں میزبان کے مدمقابل ہوگی۔
طویل فارمیٹ کے اسپیشلسٹ کھلاڑی بھی پاکستان سے آنے کے بعد اسکواڈ کو جوائن کرچکے، میچ سے قبل ہی ویسٹ انڈیز کے حوصلے پست نظر آرہے ہیں۔
ورچوئل میڈیا کانفرنس میں ہیڈ کوچ فل سمنز نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کیریبیئن جزائر میں ہمیشہ سخت جان حریف ثابت ہوتی ہے، گذشتہ دونوں سیریز میں اس نے ویسٹ انڈیز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، آخری دورے میں سرخرو بھی ہوئے، اس بار بھی مہمانوں کا حوصلہ بلند ہوگا، اس کے برعکس ہماری ٹیم نے جنوبی افریقا کے خلاف اچھی کرکٹ نہیں کھیلی، پاکستان سے ہوم سیریز میں کیریبیئنز کمزور حریف کے طور پر میدان میں اتریں گے، اس کے باوجود ہم سرخرو ہونے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
سمنز نے کہا کہ ہم آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے نئے سیزن میں بہتر کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں مگر اس سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ بیٹنگ میں نمایاں بہتری لانے اور تسلسل کے ساتھ اننگز میں 400 رنز بنانے کی ضرورت ہوگی، یہ افسوس کی بات ہے کہ طویل فارمیٹ کے مقابلوں کی تیاری کے لیے کھلاڑی اچھا ہوم ورک نہیں کرسکے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔