حقیقی لٹل ماسٹر

لیجنڈری کرکٹر حنیف محمد کی پانچویں برسی پر خصوصی تحریر

محمد راحیل وارثی

آج ملک کے عظیم بلے باز اور کرکٹ کے اولین اور حقیقی لٹل ماسٹر حنیف محمد کی پانچویں برسی منائی جارہی ہے۔ 11 اگست 2016 کو کراچی میں آپ کا انتقال ہوا۔

پاکستانی کرکٹ کے لیے حنیف محمد اور اُن کے بھائیوں (جنہیں محمد برادران کے نام سے یاد کیا جاتا ہے) کی خدمات کسی طور بھلائی نہ جاسکیں گی۔ حنیف محمد کے علاوہ مشتاق محمد، وزیر محمد اور صادق محمد نے پاکستان کی نمائندگی کی جب کہ رئیس محمد فرسٹ کلاس کرکٹ تک محدود رہے۔ مشتاق محمد اپنے دور کے بڑے آل راؤنڈر گردانے جاتے تھے۔ اُن کی قیادت میں قومی ٹیم نے بڑی فتوحات سمیٹیں۔ خیر بات ہورہی تھی لٹل ماسٹر حنیف محمد کی۔ انہوں نے نوزائیدہ قومی کرکٹ ٹیم کی کئی یقینی شکستوں کو ڈرا کرانے یا جیت میں بدلنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

حنیف محمد 21 دسمبر 1934 کو جونا گڑھ میں پیدا ہوئے۔ آپ ریکارڈ ساز کرکٹرز تھے۔ کئی عالمی اور قومی ریکارڈ آپ نے قائم کیے۔ آپ دنیائے کرکٹ کے پہلے حقیقی لٹل ماسٹر کہلائے، بعد ازاں یہ خطاب بھارتی بیٹسمینوں گواسکر اور ٹنڈولکر کے حصّے میں آیا۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں سرڈان بریڈمین کا سب سے بڑی انفرادی اننگز کا عالمی ریکارڈ 499 رنز بناکر آپ نے ہی پاش پاش کیا تھا۔ 35 برس بعد یہ ریکارڈ برائن لارا نے توڑا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں آپ پاکستان کی جانب سے پہلی ٹیسٹ ٹرپل سنچری اسکور کرنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ 1957-58 میں ہونے والے اس مقابلے میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست یقینی تھی، لیکن آپ نے دوسری اننگز میں وکٹ پر 16 گھنٹے طویل ترین قیام کرکے اور انفرادی337 رنز بناکر پاکستان کو یقینی شکست سے بچایا۔ یہ آج بھی ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی سب سے بہترین کاوش ہے۔

آپ پاکستان کی پہلی ٹیسٹ ٹیم میں شامل تھے اور کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی طرف سے پہلی نصف سنچری بنانے کا اعزاز بھی آپ کو ملا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے پہلی بار وکٹ کیپنگ آپ نے ہی کی۔ اس کے ساتھ پاکستان کی پہلی اوپننگ بیٹسمینوں کی جوڑی میں آپ اور نذر محمد کا نام شامل ہے۔ آپ کا ٹیسٹ کیریئر 17 برسوں پر محیط ہے۔ آپ نے 55 ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔ ان میچوں میں آپ نے 43.98 کی اوسط سے 3915 رنز بنائے۔ آپ نے 12 سنچریاں بھی اسکور کیں۔ آپ کے بھائی وزیر محمد، مشتاق محمد اور صادق محمد قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں، جب کہ آپ کے فرزند شعیب محمد بھی قومی ٹیم کی جانب سے ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ 82 برس کی عمر میں آپ نے اس جہان فانی سے کوچ کیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔