پاک انگلینڈ سیریز، لاہور میں تیز بارش کے باعث پریکٹس سیشن منسوخ

لاہور: تیز بارش نے رنگ میں بھنگ ڈال دیا، پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کا آج شام کا پریکٹس سیشن اور پریس کانفرنس منسوخ کردی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں قذافی اسٹیڈیم واقع ہے، جہاں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گراؤنڈ اسٹاف نے بارش شروع ہونے پر میچ اور پریکٹس کے لیے تیار پچز کو فوری طور پر کورز سے ڈھانپ دیا، تاہم گراؤنڈ گیلا ہونے پر دونوں ٹیموں کا پریکٹس سیشن ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ آج دونوں ٹیمیں ہوٹل میں آرام کریں گی۔
قومی ٹیم کے مینجر منیجر شام چھ بجے کے بعد شیڈول پریس کانفرنس منسوخ کرنے کی تصدیق کی ہے۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے انڈور باب وولمر ہال میں کھلاڑیوں کی پریکٹس کا آپشن موجود تھا تاہم اسے زیر غور نہیں لایا گیا۔
محکمہ موسمیات نے آج اور کل بارش کی پیش گوئی نہیں کی تھی۔ اچانک بارش آنے پر پی سی بی اسٹاف کے ساتھ سیکیورٹی پر مامور اہل کاروں کی بھی دوڑیں لگ گئیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کل بارش کا امکان نہیں اور مطلع صاف رہے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔