مشکل وقت میں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے گریز کرنا چاہیے، وزیراعظم کا دادو کا دورہ

دادو: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ سندھ کے ضلع دادو میں ٹنیٹ سٹی کا دورہ کیا اس موقع پر حکام کی جانب سے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے گریز کرنا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ سندھ کے ضلع دادو میں متاثرین کے لیے قائم ٹینٹ سٹی کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، وزیراعظم کو سیلاب زدہ علاقوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
دورے کے موقع پر وزیراعظم کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ ضلع دادو میں سیلاب سے 37 افراد جاں بحق ہوئے، 66 یونین کونسل سیلاب سے متاثر ہوئیں، فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، ریلیف کیمپس میں متاثرین کو ہر ممکن سہولت دے رہے ہیں، متاثرین کے لیے ٹینٹ اور دیگر ضروری اشیاء کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اپنے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ مشکل میں متاثرین کی مدد کررہی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں بھی کیں، بچوں کے ساتھ گھل مل گئے، سیلاب زدگان سے مسائل دریافت کیے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اسکولوں میں سیلاب متاثرین کے لیے کیمپ لگائے گئے ہیں، خیموں کی کمی اب بھی ہے، سندھ حکومت متاثرین کو ریلیف فراہم کررہی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔