شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل میں فٹ ہونے والے جوہری آلات تیار کرلیے، اقوام متحدہ

پیانگ یانگ: اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے ممکنہ طور پر بیلسٹک میزائل میں فٹ ہونے والے جدید جوہری آلات تیار کیے ہیں، جن کی مدد سے ہدف کو باآسانی تباہ کیا جاسکتا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی پابندیوں کی نگرانی کرنے والے ماہرین کے ایک آزاد پینل کی خفیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شمالی کوریا پچھلے 6 ایٹمی تجربوں کی مدد سے چھوٹے جوہری آلات تیار کرنے میں کامیاب ہوگیا، جسے وہ بیلسٹک میزائل کے وار ہیڈز میں فٹ کریں گے۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ شمالی کوریا نے ستمبر 2017 کے بعد سے ایٹمی تجربہ نہیں کیا، لیکن جوہری تجربات پر عائد پابندیوں کے باوجود خفیہ طور پر جوہری میزائل و آلات کی تیاری جاری رکھی۔ اقوام متحدہ کے ماہرین کی یہ عبوری رپورٹ سلامتی کونسل کی شمالی کوریا کی پابندیوں سے متعلق 15 رکنی کمیٹی کے پاس جمع کرادی گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز نے رپورٹ سے متعلق سلامتی کونسل کی متعلقہ کمیٹی کا موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا، تاہم اقوام متحدہ کی جانب سے اس معاملے پر کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا گیا۔
یہ پہلا موقع نہیں جب ماہرین نے خبردار کیا ہو کہ شمالی کوریا ایٹمی وار ہیڈ بنانے میں کامیاب ہوگیا ہے، 2017 میں امریکا کے ایک انٹیلی جنس جائزے میں بھی یہ نتیجہ اخذ کیا گیا تھا، اسی طرح 2019 میں جاپانی حکومت کے دفاعی وائٹ پیپر میں بھی ایسا ہی انکشاف کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ شمالی کوریا کے حکمران کم جونگ ان نے گزشتہ ہفتے دعویٰ کیا تھا کہ اب مزید جنگ نہیں ہوگی کیونکہ غیر ملکی بیرونی دباؤ اور فوجی دھمکیوں کے باوجود ملک کے جوہری ہتھیاروں نے سرزمین کی حفاظت اور مستقبل کی ضمانت دی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔