امریکی سائنسدان کا 74 دن پانی کے اندر گزارنے کا نیا عالمی ریکارڈ

فلوریڈا: امریکی سائنس داں جوزف ڈیٹوری نے پانی کے نیچے قائم ایک مرکز میں مسلسل سو دن گزارنے کا ارادہ کیا تھا۔ اب انہوں نے زیرِآب رہتے ہوئے 74 دن گزارے ہیں جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔
جوزف اب بھی خشکی پرآنا نہیں چاہتے کیونکہ وہ 9 جون تک وہاں رہ کر پانی کی گہرائی میں مسلسل رہتے ہوئے 100 دن کا ہدف پورا کرنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ جوزف یونیورسٹی آف ساؤتھ فلوریڈا میں محقق ہیں اور کے لارگو کے علاقے میں 30 فٹ گہرے ایک زیرآب اسٹیشن میں رہ رہے ہیں۔ وہ ناصرف تحقیق کررہے، بلکہ سمندری حیات کے تحفظ اور پانی کے اندر رہنے کے انسانی جسم پر ہونے والے اثرات کو جائزہ بھی لے رہے ہیں۔
چند ہفتوں قبل انہوں نے سمندر کی گہرائی میں ایک نئی نوع کا جانور بھی دریافت کیا تھا۔ دوسری جانب جوزف نے ایک اور امریکی سائنس داں کا ریکارڈ توڑدیا ہے جس نے 2014 میں زیرِآب 73 روز گزارے تھے۔ اس اتوار کو جوزف نے پانی کے اندر 74 روز مکمل کرلیے ہیں۔
55 سالہ جوزف ڈیٹوری یونیورسٹی آف ساؤتھ فلوریڈا میں بایومیڈیکل انجینئرنگ پڑھا رہے ہیں۔ ان کا سمندری اسٹیشن 100 مربع فٹ پر محیط ہے جو بلبلہ نما ایک گھر ہے۔
سائنس دانوں کا خیال ہے کہ تجربے کے دوران جسم پر پڑنے والے شدید دباؤ کے سبب ان کا قد ایک انچ تک کم ہوسکتا ہے۔ بالکل اسی طرح جیسے خلاء میں وقت گزارنے کے بعد خلاء نوردوں کا قد تین فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔