نواز، زرداری پر اللہ کا عذاب آتا دیکھا ہے، وزیراعظم

گلگت بلتستان: وزیراعظم نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو 30 سال سے جانتا ہوں، ان پر عذاب آتا دیکھا ہے اور یہ ہمارے لیے عبرت ناک ہے۔
ایک روزہ دورے پر وزیراعظم عمران خان گلگت بلتستان پہنچے، جہاں انہوں نے گلگت بلتستان کی نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی، گورنر گلگت بلتستان نے نومنتخب کابینہ کے ارکان سے حلف لیا۔
حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان حکومت نئی روایات قائم کرے گی، کوئی وزیراعظم ایسا نہیں جس نے مجھ سے زیادہ اس علاقے کو دیکھا ہو، یہاں کے تمام مسائل کو جانتا ہوں، جس رخ پر گلگت بلتستان کو ڈالیں گے عوام کی زندگی بدل جائے گی، صوبائی اسٹیٹس پر فوری کام کریں گے تاکہ احساس محرومی دور کیا جائے، نئے سیٹ اپ پر تفصیل سے کام ہوگا، کمیٹی بٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے پروجیکٹس کا یہاں کے عوام خود فیصلہ کریں گے، گلگت بلتستان میں احساس پروگرام لے کر آرہے ہیں، فی خاندان 10 لاکھ روپے تک علاج کرایا جاسکے گا جب کہ گلگت بلتستان میں سیاحت پر پورا زور لگانے لگے ہیں، سیاحت کے فروغ کے لیے سستے قرضے دیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ کسی کو کیا پتا تھا پاناما سے ان کے محلات سامنے آ جائیں گے، چوری چھپتی نہیں، ایک جھوٹ کو چھپانے کے لیے 100 جھوٹ بولنے پڑتے ہیں، اس پیسے کا کیا فائدہ جو آپ اور آپ کی اولاد کی تباہی کرتا ہے، نوازشریف اور آصف زرداری کو 30 سال سے جانتا ہوں، ان پر عذاب آتا دیکھا ہے اور یہ ہمارے لیے عبرت ناک ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ان کے بچوں کو بھی جھوٹ بولنا پڑ رہا ہے، کورونا میں لوگ مررہے ہیں لیکن پی ڈی ایم کمپین کررہی ہے، کورونا سے اموات ہو رہی ہیں لیکن یہ جلسے کررہے ہیں، چوری بچانے کے لیے جلسے کیے جارہے ہیں، حرام کا پیسہ انسان کو تباہ کر دیتا ہے، تمام بیماریوں کی جڑ ذہنی دباؤ ہے، اگرآپ نے ذہنی دباؤ دیکھنا ہے تو کل سابق وزیر خزانہ کی شکل دیکھ لیتے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔