ناسا کا قمری مشن کے لیے چار خلانوردوں کا اعلان

کیپ کناورل: ناسا نے اپنے قمری مشن کے لیے چار خلا نوردوں کا اعلان کردیا، چاند کی انسانی تسخیر کے 50 برس بعد اب وہاں دوبارہ قدم رکھنے کی کوششیں جاری ہیں اور اس ضمن میں آرٹیمس مشن کے تحت چار خلانوردوں کی اولین ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے جن میں ایک سیاہ فام اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔
رائیڈ وائزمین، جیریمی ہینسن، خاتون کرسٹینا کوخ اور سیاہ فام وکٹر گلوور اگلے برس یا 2025 کی ابتدا میں خلائی کیپسول میں بیٹھ کر چاند کے گرد چکر کاٹیں گے۔ اگرچہ وہ چاند پر قدم نہیں رکھیں گے لیکن وہاں اترنے کی راہ ضرور ہموار کریں گے۔
اس سے قبل چاروں افراد کو سخت ترین تربیت سے گزارا جائے گا۔ واضح رہے کہ رائیڈ وائزمین بحریہ کے پائلٹ ہیں اور مشن کمانڈر ہوں گے جب کہ وکٹر بھی جہاز چلاچکے ہیں۔ کرسٹینا برقی انجینئر ہیں اور جیریمی ہینسن کینیڈا کی فضائیہ میں جنگجو طیارے اڑاچکے ہیں۔
یہ تمام افراد آرٹیمس ٹو مشن کا حصہ ہوں گے جس کے لیے ہزاروں افراد دن رات محنت کررہے ہیں اور انہیں انسانیت کے سفیر قرار دیا گیا ہے۔ اس مشن کی طاقتور ترین سواری ایس ایل ایس راکٹ ہے جو خلانوردوں کو اورائن کیپسول میں سوار کرکے چاند تک لے جائے گا۔
اس سے قبل آرٹیمس اول نامی مشن اپنے 25 دن پورے کرکے منصوبے کے لیے سہولتیں، سافٹ ویئر اور ہارڈویئر کی جانچ کرچکا ہے۔ تاہم آرٹیمس ٹو کی کامیابی کے بعد آرٹیمس تھری مشن انسانوں کو چاند پر اتارے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔