سنسنی خیز مقابلہ، ملتان سلطانز کے ہاتھوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست

کراچی: پی ایس ایل 7 کے ساتویں میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 رنز سے شکست دے دی، 175 کے ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 168 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے عمران طاہر نے جادوئی گیندوں سے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، انہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں، سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ کو 6 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی ہے، شان مسعود مین آف دی میچ قرار پائے۔
پی ایس ایل 7 کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے شان مسعود کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دیا تھا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
ملتان سلطانز کا آغاز اچھا نہ رہا کیوں کہ کپتان محمد رضوان بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے بعد ازاں شان مسعود نے ٹیم کو لڑکھڑانے سے بچایا اور 58 بالز پر 88 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو 175 رنز تک پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔
ملتان سلطانز کے ٹم ڈیوڈ نے 28، ریلی روسو اور صہیب مقصود نے 21، 21 رنز بنائے، اس طرح ملتان کی ٹیم 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولر محمد حسنین نے 2 جب کہ جیمز فالکنر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
گلیڈی ایٹرز نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو محض 29 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ احسان علی کی گری پھر ول اسمڈ بھی چلتے بنے، بعد ازاں کپتان سرفراز نے بین ڈکٹ کے ہمراہ اچھی شراکت داری قائم کرنے کی کوشش کی تاہم سرفراز بھی 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آخری 4 اوورز میں جیت کے لیے 50 رنز درکار تھے ایسے میں افتخار احمد کے چھکے، چوکے بھی کام نہ آئے اور یکے بعد دیگرے تمام کھلاڑی 19.5 اوورز میں 168 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔