جسٹس عمر عطا بندیال 28 ویں چیف جسٹس پاکستان بن گئے

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عمر عطا بندیال نے 28 ویں چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس عمر عطا بندیال سے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔
وزیراعظم عمران خان نے بھی جسٹس عمر عطا بندیال کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ مسلح افواج کے سربراہان، ججز، وکلا اور وفاقی وزراء سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
فل کورٹ ریفرنس سے خطاب میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ ججز اپنی اصلاح کرتے ہیں اسی لیے جسٹس فائز عیسیٰ کیس میں اقلیت اکثریت میں بدلی، عدالتی فیصلے کے خلاف سوشل میڈیا پر طوفان مچایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ججز کے خلاف ذاتی تنقید کی جارہی ہے، بار ججز پر تنقید کے خلاف کردار ادا کرے اس سے پہلے کہ عدالت نوٹس لے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز جسٹس گلزار احمد کا بطور چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان آخری روز تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔