مصباح اور وقار ہیڈ کوچ و بولنگ کوچ کے عہدے سے دست بردار

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس اپنے عہدوں سے دستبردار ہوگئے۔
ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں بحیثیت عبوری کوچز ذمے داریاں نبھائیں گے۔
مصباح الحق اور وقار یونس کو ستمبر 2019 میں قومی کرکٹ ٹیم کا بالترتیب ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے سابق کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ جمیکا میں قرنطینہ کے دوران اپنے 24 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا، جانتا ہوں یہ آئیڈیل وقت نہیں مگر فی الحال ایسے فریم آف مائنڈ میں نہیں کہ آئندہ چیلنجز سے نبردآزما ہوسکوں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔
وقار یونس نے کہا کہ مصباح الحق نے اپنا فیصلہ بتایا تو میں نے بھی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، پاکستان کے نوجوان بولرز کے ساتھ کام کرنے پر بہت مطمئن ہوں۔
اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی مصباح الحق کے فیصلے کا احترام کرتا ہے، گزشتہ 24 ماہ میں مصباح الحق نے اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کرکٹ کے لیے خرچ کیں، وقار یونس نے بھی جرأت مندانہ فیصلہ کیا ہے۔
وسیم خان نے کہا کہ ہم نے ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق کو عبوری کوچز کی حیثیت سے نیوزی لینڈ سیریز کے لیے تعینات کیا ہے، آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے لیے ٹیم منیجمنٹ کا اعلان مناسب وقت پر کردیا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔