افواج پاکستان نے جرأت مندی سے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا: صدر مملکت

اسلام آباد: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان نے قوم کی مدد سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی، مقبوضہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم دفاع جرأت، بہادری، حب الوطنی سے لگن کی علامت ہے، افواج پاکستان نے جرأت مندی سے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا، افواج پاکستان نے پوری قوم کی مدد سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی، دفاع وطن کی خاطر افسروں اور جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہدا کے خاندانوں کو ان کے حوصلے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ مسلح افواج، سیکیورٹی اداروں نے ملک کو درپیش چیلنجز پر کامیابی سے قابو پایا، مسلح افواج، سیکیورٹی ادارے ملکی داخلی سلامتی میں فعال کردار ادا کررہے ہیں، ہماری مسلح افواج اقوام متحدہ کے پرچم تلے عالمی امن برقرار رکھنے میں تعاون کررہی ہیں، پاکستان اپنے اردگرد ہونے والی تمام تبدیلیوں سے پوری طرح آگاہ ہے، ہم مقبوضہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ادھر وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ زندہ قومیں آزمائشوں سے گزر کر اور زیادہ مضبوط ہوجاتی ہیں، 1965 میں پاکستانی قوم مضبوط چٹان کی طرح دشمن کے سامنے ڈٹ گئی، 6 ستمبر کو بھارت نے پاکستان پر غیر اعلانیہ جنگ مسلط کی، پوری قوم اٹھ کھڑی ہوئی، بہت سے لوگ نہتے پیدل ہی سرحدوں کی جانب چل پڑے، بہادر افواج نے ثابت کیا وطن کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، ہمارے جوان جان کی پروا کیے بغیر جرأت و بہادری سے لڑے۔ انہوں نے کہا 6 ستمبر مسلح افواج کے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، ہمارے شہدا اور غازی ہمیشہ سے قوم کی امید اور فخر رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ وطن کی سلامتی، جانوں کا نذرانہ دینے والوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، دشمن نے کبھی بھی پُرامن بقائے باہمی کا مظاہرہ نہیں کیا، دشمن نے قیام پاکستان سے لے کر آج تک کئی جنگیں مسلط کی ہیں۔
دوسری جانب وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے یومِ دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج شہیدوں اور قوم کے بیٹوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، شہداء نے 1965 میں وطن عزیز کے لیے انمول قربانیاں دیں، آج ملک کا دفاعی نظام اللہ کے حکم سے ناقابلِ تسخیر ہے، پاکستانی مسلح افواج اندرونی اور بیرونی خطرات سے نبردآزما ہونے کے لیے مکمل تیار ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔