علی گیلانی کا جسد خاکی پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفنانا جرم بن گیا

سری نگر: بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی میت پاکستانی پرچم میں لپیٹنے پر بھارت نے اہل خانہ کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت فرد جرم عائد کردی۔
بھارتی حکومت نے چند روز قبل کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے اہل خانہ کے خلاف ان کی میت پاکستانی پرچم میں لپیٹنے اور بھارت کے خلاف نعرے لگانے پر مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام میں مقدمہ درج کیا تھا، تاہم گزشتہ روز اہل خانہ پر فرد جرم بھی عائد کردی گئی۔
سید علی گیلانی کے اہل خانہ پر بھارت مخالف نعرے بازی اور ان کی میت کو پاکستانی پرچم میں لپیٹنے پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی، بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ سید علی گیلانی کے اہل خانہ کے علاوہ دیگر افراد پر بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی یکم ستمبر کو انتقال کرگئے تھے، قابض بھارتی فوج نے اُنہیں گزشتہ 12 برس سے سری نگر میں گھر میں نظر بند کر رکھا تھا، جس کی وجہ سے ان کی صحت انتہائی گر چکی تھی۔
سید علی گیلانی کی تدفین کی تیاری کی جارہی تھی کہ بھارتی قابض فوج نے سری نگر میں ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور خاندان کو ہراساں کرکے علی گیلانی کا جسد خاکی چھین کر لے گئے اور نماز فجر سے قبل سری نگر کی حیدرپورہ جامع مسجد کے احاطے میں سپرد خاک کردیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔