مفتاح اسماعیل ن لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری کے عہدے سے مستعفی

کراچی: سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے پارٹی کے سندھ کے جنرل سیکرٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
مفتاح اسماعیل نے سیکریٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال کے نام خط میں سندھ کے جنرل سیکریٹری کے عہدے سمیت تمام پارٹی کمیٹیوں سے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ اب میں انتخابی سیاست میں سرگرم نہیں رہوں گا، نہ صرف پارٹی بلکہ حکومت میں بھی ذمے داریاں سونپنے پر پارٹی قیادت کا شکر گزار ہوں، پارٹی قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے میرے ساتھ انتہائی مہربان رویہ اور خیال رکھا، میں ان کی حمایت اور اعتماد کے لیے ہمیشہ شکر گزار رہوں گا۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ سماجی طور پر منصفانہ اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرتا ہوں، میری آپ کے لیے، پارٹی کے لیے اور تمام رہنماؤں کے لیے نیک خواہشات ہیں۔
دھیان رہے کہ مفتاح اسماعیل وفتاً فوقتاً میڈیا اور سوشل میڈیا پر حکومتی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔
چند روز قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ ن لیگ نے مفتاح اسماعیل کو پارٹی عہدے سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔