ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، ایک شہری شہید، دو زخمی

راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری شہید جب کہ دو شدید زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ستوال سیکٹر میں کشمیری چرواہوں پر بلااشتعال فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ بھارتی فوج نے آج 11 بج کر 55 منٹ پر ایل او سی کے ستوال سیکٹر پر اندھا دھند فائرنگ کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان ایل او سی پر شہریوں کے تحفظ کے لیے جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، یہ بھارتی فوج کا جغرافیائی سیاسی محرکات، جھوٹے بیانیے، من گھڑت الزامات کا نیا سلسلہ ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت منصوبے کے تحت من گھڑت بیانیے کی تسکین کے لیے معصوم جانوں کے درپے ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ماہر قومی سلامتی امور سید محمد علی نے کہا کہ ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کے اس واقعے کی ٹائمنگ مودی کے دورۂ امریکا سے منسلک ہے، بھارت پاکستان کو یہ باور کرانے کی ناکام کوشش کرنا چاہتا ہے کہ اسے امریکا کی آشیرواد حاصل ہے، لیکن ہمیں یقین ہے کہ بھارت کو منہ توڑ جواب کا سامنا کرنا ہوگا، پاکستان بلکہ کشمیری حریت پسند بھی بھارت کو ناکوں چنے چبوانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی دورائے نہیں ہونی چاہیے کہ پاکستان کی افواج مکمل طور پر تیار ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے، کشمیری اور پاکستانی یک جان دوقالب ہیں، ہم ایل او سی کی جانب کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کریں گے۔
گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات کے بعد مشترکا اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں پاکستان سے بھارت کو نشانہ بنانے والی تنظیموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق امریکا اور بھارت نے عالمی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک ساتھ کھڑے رہنے، ہر طرح کی دہشت گردی اور پُرتشدد انتہاپسندی کی مذمت کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ القاعدہ، داعش، لشکر طیبہ، جیش محمد اور حزب المجاہدین سمیت اقوام متحدہ کی فہرست میں شامل تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف اجتماعی طور پر کارروائی کی جائے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔