پھیپھڑوں کی صحت سے متعلق آگہی فراہم کرنے والا لباس تیار

جرمنی: کئی جرمن سائنسی اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ایسا ویسٹ کوٹ یا صدری تیار کی گئی ہے جو پہننے والے کی سانس اور پھیپھڑوں کی کیفیات نوٹ کرتی ہے۔ اسے نیومو ویسٹ کا نام دیا گیا ہے جو بطورِ خاص کووڈ 19 کے مریضوں کے لیے وضع کی گئی ہے۔
جرمن فرونیفر ریسرچ گروپ کے دس اداروں نے مشترکہ طور پر یہ پوشاک بنائی ہے جو سانس کے اتار چڑھاؤ کو کسی اسٹیتھواسکوپ کی طرح نوٹ کرتی ہے اور اس کی خبر متعلقہ ڈاکٹروں تک بھی پہنچاسکتی ہے۔
اگرچہ یہ پہننے میں تھوڑی تنگ ہے، لیکن اس کی پشت اور سامنے کی طرف کئی داب برق (پیزوالیکٹرک) سینسر لگے ہیں۔ یہ سینسر پھیپھڑوں اور سانس کی نالیوں سے آنے والی خفیف ترین آواز بھی سن سکتے ہیں۔ چونکہ سینسر کی پوزیشن عین سینے اور پھیپھڑوں کی درست جگہوں پر ہوتی ہے تو ماہرین فوراً معلوم کرلیتے ہیں کہ یہ آواز کہاں سے آرہی اور اس کا کیا مطلب ہوسکتا ہے؟
اس کا سافٹ ویئر تمام ڈیٹا اور آوازوں کو جمع کرتا ہے اور اس بنا پر پھیپھڑوں کی ایک تصویر بناتا ہے جس میں متاثرہ مقامات کی نشان دہی ہوتی ہے۔ اس تصویر کو موبائل فون میں دیکھا جاسکتا یا کسی سرور پر پہنچایا جاسکتا ہے۔ اس طرح مسلسل ایک شرٹ نما صدری سے پھیپھڑوں کا مکمل احوال معلوم کیا جاسکتا ہے، خواہ وہ گھر میں ہو یا کسی دفتر میں۔
اگرچہ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ سینے کے مرض کے ماہر کی جگہ نہیں لے سکتی لیکن اس سے معلوم کیا جاسکتا ہے کہ سانس لینے کے عمل میں کس مقام پر خرابی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔