کورونا وبا سنگین، کراچی میں مکمل لاک ڈاؤن پر غور!

کراچی: کورونا کی بگڑتی صورت حال کے پیش نظر سندھ حکومت نے کراچی میں مکمل لاک ڈاؤن پر غور شروع کردیا، طبی ماہرین، محکمہ صحت سندھ نے 15 دن کے فوری لاک ڈاؤن کی سفارش کی ہے۔
شہر قائد میں کورونا وبا کی چوتھی لہر میں خاصی شدت محسوس کی جارہی ہے، کورونا کی مثبت شرح 30 فیصد سے زائد ہوگئی ہے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ اس صورت حال کے پیش نظر سندھ حکومت نے کراچی میں لاک ڈاؤن سمیت سخت اقدامات پر غور شروع کردیا ہے، کورونا ٹاسک فورس اجلاس میں مزید سختیوں پر مشاورت کی جائے گی۔
اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس جمعے کو طلب کیا ہے، تاجروں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد لاک ڈاؤن پر حتمی فیصلہ ہوگا۔
دھیان رہے طبی ماہرین اور محکمہ صحت سندھ نے 15 دن کے فوری لاک ڈاؤن کی سفارش کی ہے۔
دوسری جانب طبی ماہرین کی جانب سے مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز پر سندھ حکومت نے این سی او سی سے رابطہ کیا اور کہا کہ طبی ماہرین کی رپورٹ پرمزید سختیاں کی جائیں اور عوام کو کورونا کی روک تھام کے لیے احتیاطی تدابیر کے لیے پابند بنایا جائے۔
سندھ حکومت نے این سی او سی کو سفارشات میں کہا کہ آمدورفت کے ذرائع کو محدود کیا جائے اور ممکن ہو تو موسم گرما کی چھٹیوں میں اضافہ کیا جائے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔