کراچی میں پھر بادل، شہر میں مزید تیز بارش متوقع

کراچی: محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارش برسانے والے بادل پورے کراچی پر موجود ہیں اور شہر میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ روز سے شہر قائد میں ہونے والی بارش نے ہر طرف جل تھل کردیا ہے اور شہر کی اہم شاہراہوں سمیت گلی محلوں میں پانی جمع ہے۔
شہر میں موسلادھار بارش سے کئی نالے ابل بڑے پڑے ہیں اور سڑکوں پر پانی کی وجہ سے متعدد گاڑیاں بھی خراب ہیں جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔
کراچی میں پوش علاقے ڈیفنس فیز 4 کمرشل اور 6 کی سڑکوں پر پانی کا راج ہے اور فیز فور کے کئی مکانوں میں پانی داخل ہوگیا، جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے، کئی افراد رشتے داروں کے گھروں پر منتقل ہوگئے۔ سندھ حکومت نے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی مدد کے لیے پمپ بھیج دیے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے جنوب مشرق میں بارش برسانے والے بادل بن رہے ہیں، تیز بارش برسانے والے بادل سونمیانی، لسبیلہ اور خضدار ڈسٹرکٹ میں بن رہے ہیں، جس کے باعث آئندہ چند گھنٹوں میں کراچی میں مزید بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جولائی سے ایک اور سسٹم اثرانداز ہوسکتا ہے، تاہم اس سسٹم کے تحت شہر میں ہلکی بارش متوقع ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ہوا کے کم دباؤ کی شدت تاحال برقرار ہے، ہوا کا کم دباؤ وسطی اور مغربی سندھ پر موجود ہے، شہر میں آج شام تک وقفے وقفے سے تیز کا بارش کا امکان ہے جب کہ کل شام یا رات تک کراچی حیدرآباد، ٹھٹھہ، سجاول اور دادو میں بارش کا امکان ہے تاہم کل بارش کی شدت معتدل رہے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔