کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ، شہری بے حال

کراچی: شہر قائد میں موسم گرم ہونے کے باعث بجلی کا شارٹ فال 250 میگا واٹ سے بڑھ کر 400 سے 500 میگا واٹ تک جاپہنچا۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں بجلی کی اوسطاً فراہمی 2700 میگاواٹ ہے جس میں نیشنل گرڈ سے حاصل کردہ اوسطاً 1000میگاواٹ بجلی بھی شامل ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ گرمی میں اضافے کے باعث بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا جب کہ اس تمام صورت حال کا تعلق ملکی سطح پر ہونے والے بجلی بحران سے ہے، اس صورت حال کی بڑی وجہ ایندھن کی قلت اور عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ بھی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ اس وقت کراچی میں شارٹ فال 250 میگا واٹ سے بڑھ کر 400 سے 500 میگاواٹ تک جا پہنچا ہے جس کے باعث رات میں مجبوراً لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، قدرتی گیس کی عدم فراہمی کے باعث 2 پاور پلانٹس بند ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں کہیں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی، کے الیکٹرک کی ویب سائٹ پر لوڈشیڈنگ کا شیڈول موجود ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔