کیا شاہد آفریدی کو پی سی بی میں اہم ذمے داری ملنے والی ہے؟

لاہور: چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے سابق کپتان شاہد آفریدی کو جلد پی سی بی میں اہم عہدہ ملنے کا عندیہ دیتے ہوئے ساتھ مل کر چلنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
ذکا اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کرکٹ بورڈ خوش اسلوبی سے چل رہا ہے اور ہم منفی باتوں پر توجہ نہیں دیتے، کچھ باتوں کو بڑھا چڑھا کر بیان کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان کوئی لڑائی نہیں، بس باتوں کو بڑھا چڑھا کر بیان کیا گیا ہے، حقیقت میں اندرونی کہانی کوئی نہیں، پاکستان اور کرکٹ کے دشمن ایسی منفی خبریں پھیلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کے ساتھ مل کر چلیں گے اور اُن کے جذبے کو عزت دیتا ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ فخر زمان کو دس لاکھ روپے انعام اُن کی پرفارمنس کی بنیاد پر دیا گیا، باقی ممالک میں کھلاڑیوں کو اچھی پرفارمنس پر زیادہ پیسے دیے جاتے ہیں مگر پھر وہ کھلاڑی کوئی بھی لیگ کھیلنے نہیں جاتے۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ کچھ چیزیں بڑھا چڑھاکے کی جارہی ہیں، میچ میں ایک ٹیم نے ہارنا ایک نے جیتنا ہوتا ہے، انڈیا کے شائقین بھی گیم انجوائے کرتے ہیں ہمیں خیال کرنا چاہیے، انڈیا کے احمد آباد میں پاکستان کا اتنا بڑا جھنڈا تھا میں نے پہلے کہیں نہیں دیکھا، انڈیا میں پاکستان کا اچھا ویلکم ہوا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔