شہباز ماضی بھلا کر آئیں، سیاست میں دروازے بند نہیں ہوتے: شیخ رشید

اسلام آباد: شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف اگر بات کرنا چاہیں تو حکومت کے دروازے کھلے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان نے افغان بیٹی کے اغوا سے متعلق تحقیقات مکمل کرلی ہے، افغان سفیر کی بیٹی کیس میں افغان تحقیقاتی ٹیم آئی ہے، ڈپلومیٹک انکلیو کو محفوظ اور جدید بنانے کے لیے ہدایات کی ہیں، سفارتی علاقے میں 190 کیمرے لگائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے افغان سرحد پر باڑ لگا رکھی ہے، پاکستان میں افغان مہاجرین نہیں آرہے اور نہ ہی طالبان موجود ہیں، 108 لوگ بلوچستان کے راستے پاکستان آئے ہیں، پاکستان آنے والے وہی لوگ ہیں جو یہاں سے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ نادرا نے کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ جاری کرنا شروع کردیے ہیں، بیرون ملک سفر کرنے والوں کو سرٹیفکیٹ کی سہولت دی جائے گی، 64 ممالک کو نادرا کے سسٹم سے لنک کیا جارہا ہے، پیسے لے کر جعلی شناختی کارڈ بنانے والے نادرا میں نہیں رہیں گے، جعلی شناختی کارڈ بنانے والی کالی بھیڑوں کو نکالیں گے، کرپشن کے خاتمے کے لیے آن لائن ویزا سسٹم شروع کیا گیا ہے، ملک میں بغیر ویزے ہزاروں لوگ چھپے ہوئے ہیں، یہ لوگ آن لائن ویزا اپلائی کریں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی سے کوئی خطرہ نہیں، (ن) لیگ کو اس کی اپنی پالیسی سے نقصان پہنچا ہے، (ن) لیگ اور شین لیگ کے درمیان آپس میں مفاہمت اور مزاحمت کی جنگ جاری ہے، ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، یہ اپنی انگلیاں خود کاٹیں گے۔ شہباز شریف اگر بات کرنا چاہیں تو حکومت کے دروازے کھلے ہیں، وہ ماضی بھلا کر آئیں، سیاست میں دروازے بند نہیں ہوتے۔
شیخ رشید احمد نے محرم الحرام کے حوالے سے کہا کہ چاہتے ہیں کوئی کسی کے عقیدے کو نہ چھیڑے اور اپنا عقیدہ نہ چھوڑے، محرم الحرام میں ہر صورت امن و امان برقرار رہے گا، محرم الحرام سے متعلق جمعرات کو اہم اجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس میں چیف سیکریٹریز اور آئی جی شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں نالوں کے اردگرد غیر قانونی تعمیرات گرانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں سیلاب آیا لیکن ہمارے پاس ریسکیو ٹیم نہیں تھی، اسلام آباد میں نالوں سے متعلق سی ڈی اے چیئرمین کو بھی ہدایت جاری کردی ہے کہ تمام نالوں پر تعمیرات 30 اگست تک کلیئر ہونے چاہئیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔