بھارتی شہری نے اپنے ملک کے میڈیا کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا!

نئی دہلی: بھارتی شہری نے اپنے ہی میڈیا کا مکروہ چہرہ پوری دُنیا کے سامنے عیاں کردیا۔ اس وقت بھارت میں کورونا وبا کے حوالے سے صورت حال تشویش ناک حدوں کو چھورہی ہے۔ آکسیجن کی شدید قلت کے باعث اموات تیزی سے بڑھی ہیں جب کہ گزشتہ چند روز سے بھارت میں روزانہ کورونا وبا کے ساڑھے تین لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔
گزشتہ دنوں بھارت میں کورونا کی تشویش ناک صورت حال پر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھارت سمیت دُنیا بھر کے کورونا متاثرین کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا جب کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کو اس نازک موقع پر مدد کی پیشکش بھی کی ہے۔
اس پر ایک بھارتی شہری نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں کورونا کی ابتر صورت حال میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نیک تمناؤں پر ناصرف اُن کا شکریہ ادا کیا بلکہ پوری پاکستانی قوم سے ہاتھ جوڑ کر اپنی حکومت اور اپنے عوام کی جانب سے معافی مانگتے ہوئے بھارتی میڈیا کا مکروہ چہرہ بھی بے نقاب کیا ہے۔ بھارتی شہری اپنی ویڈیو میں بھارتی میڈیا اور عوام کے رویے پر پشیمان اور خاصا مضمحل دکھائی دیتا ہے۔

اپنی ویڈیو میں اُس نے بتایا کہ کورونا وبا کی پہلی لہر کے دوران جب پاکستان میں کیسز میں تیزی آئی تو بھارتی میڈیا تعصب میں تمام حدیں عبور کر گیا تھا، بھارتی چینلوں پر اب کورونا کی موت مرے گا پاکستان کے عنوان کے تحت ناصرف خبریں چلائی گئیں بلکہ اخبارات میں بھی تعصب سے لبریز مواد پاکستان کے متعلق شائع کیا گیا۔ یہ طرز عمل انسانیت سے پرے تھا، انڈین میڈیا کا یہ کردار انتہائی شرم ناک تھا۔ اُس وقت بھی غیر جانب دار اور سنجیدہ حلقوں کی جانب سے بھارتی میڈیا کے اس طرز عمل کی مذمت کی گئی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔