چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی مزید 10 مقدمات میں ضمانت منظور

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی مقامی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی 10 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کو کنفرم کردیا۔
سربراہ پی ٹی آئی عمران خان ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے سلسلے میں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں پیش ہوئے، جہاں جج کامران بشارت مفتی نے درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالت نے عمران خان کی 10 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کو کنفرم کردیا اور انہیں 5،5 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔
اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں عمران خان کے خلاف لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمات درج کیے گئے تھے جس میں وہ عبوری ضمانت پر تھے۔
قبل ازیں اسلام آباد کی ہی مقامی عدالت نے 5 مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت کو کنفرم کیا تھا تاہم اب عدالت نے دیگر 10 مقدمات میں بھی ان کی ضمانت کنفرم کی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف غداری کا ایک مقدمہ تھانہ کوہسار میں بھی درج ہے جس میں عمران خان نے ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی تھی، جس پر عدالت نے ان کو ستمبر کے پہلے ہفتے تک عبوری ضمانت دے دی ہے۔
عمران خان کے خلاف لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے تمام 15 مقدمات میں عبوری ضمانت کنفرم ہوچکی، تاہم وہ ایک کیس میں عبوری ضمانت پر ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔