نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی وطن آمد

کراچی: پاکستان کی نوبل انعام یافتہ بیٹی ملالہ یوسف زئی وطن پہنچ گئیں۔
ملالہ یوسف زئی اپنے والدین کے ہمراہ رات قطر ایئرلائن کی پرواز 604 کے ذریعے کراچی پہنچیں۔ ملالہ یوسف زئی کو سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے ان کے گھر پہنچایا گیا۔ ملالہ یوسف زئی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گی۔
واضح رہے کہ سوات میں 2015 میں طالبان کے حملے میں زخمی ہونے کے بعد ملالہ یوسف زئی لندن چلی گئی تھیں۔ ملالہ کا انگلینڈ منتقل ہونے کے بعد یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہے۔
یاد رہے کہ پچھلے مہینے وزیراعظم شہباز شریف سے ملالہ فنڈ کی شریک بانی ملالہ یوسف زئی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی تھی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ملالہ یوسف زئی کی جانب سے سماجی مسائل بالخصوص بچیوں کی تعلیم پر عالمی سطح پر وکالت کو سراہا تھا۔
وزیراعظم نے حالیہ موسمیاتی سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور تباہی پر روشنی ڈالی تھی، جس سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا، وزیراعظم نے سیلاب سے تعلیمی انفرا اسٹرکچر پر مرتب اثرات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
ملالہ یوسف زئی نے اس موقع پر تمام بچیوں کے لیے تعلیم کے حق کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے بہت سے اسکول تباہ ہوگئے۔ انہوں نے پس ماندہ بچوں بالخصوص بچیوں کی مدد کے لیے عزم ظاہر کیا۔
ملالہ نے تباہ کن سیلاب کے اثرات سے نمٹنے بالخصوص بچیوں کی تعلیم تک رسائی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی خاطر ملالہ فنڈ کی معاونت کا یقین دلایا تھا۔
ملالہ یوسف زئی نوبل انعام حاصل کرنے والی کم عمر ترین شخصیت تھیں، انہیں یہ اعزاز 17 سال کی عمر میں دیا گیا تھا، ملالہ یوسف زئی دوسری پاکستانی ہیں، جنہوں نے نوبل انعام حاصل کیا، اس سے قبل ڈاکٹر عبدالسلام کو 1979 میں فزکس میں نوبل انعام ملا تھا۔
نوبل انعام سمیت ملالہ یوسف زئی کئی بڑے عالمی اعزازات حاصل کرچکی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔