دہشت گردی ختم، پی ٹی آئی کے 3 سال پُرامن ترین ہیں: وزیر اطلاعات

اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کے 3 سال پُرامن ترین ہیں، نیشنل ایکشن پلان کے بعد آج ہماری زندگیاں معمول پر ہیں، پاکستان سے دہشت گردی کو ختم کردیا گیا ہے۔
عدالت عظمیٰ کے باہر وزیر داخلہ شیخ رشید کے ساتھ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سپریم کورٹ میں پیش ہوکر عدالتی حکم کی تعمیل کی اور قانون کی حکمرانی کو نافذ کرکے دکھایا ، یہ وہ احترام ہے جو پی ٹی آئی کی حکومت اپنے اداروں کا کرتی ہے، چار ہفتے میں سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کر کے رپورٹ عدالت عظمیٰ میں رکھیں گے، عدالت کا فیصلہ ہے کہ جن کی اخلاقی ذمے داریاں بنتی ہیں تعین کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس پر پاکستان کے ہر شہری کا دل رنجیدہ ہے، سانحہ کے وقت ن لیگ برسراقتدار تھی، اور بہت آسان تھا کہ ہم اُس وقت کی حکومت کو الزام دیتے، لیکن ہم پاکستان کی قومی وحدت کو دیکھتے ہیں، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے نیشنل ایکشن پلان بنایا، نیشنل ایکشن پلان کے بعد آج ہماری زندگیاں معمول پر ہیں، پاکستان سے دہشت گردی کو ختم کردیا گیا، نیشنل ایکشن پلان کے پیچھے پوری قوم کھڑی ہے، اور اس کا کریڈٹ سیاسی قیادت کو جاتا ہے۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس کی ناکامی ہر ملک میں ہوتی ہے، یہ ناکامی نائن الیون واقعے میں بھی ہوئی، 7 بم بار وائٹ ہاؤس کے سامنے ہوٹل میں 3 ماہ تک رہے، لیکن کسی کو نہیں پتا چلا، آج بھی ہم اسی نیشنل ایکشن پلان کو آگے لے کر چل رہے ہیں، پی ٹی آئی کے 3 سال پُرامن ترین ہیں، ہم نے کورونا کا مقابلہ کیا، معاشی چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں، پاکستان کی سیاسی قیادت کے دور اندیشانہ فیصلوں پر عمل کیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔