پاکستانی فنکاروں نے بھی چوکے چھکوں کی برسات کردی

عجمان: پاکستان سے تعلق رکھنے والے شوبز فنکاروں نے بھی چوکوں چھکوں کی برسات کردی، عجمان میں برقی قمقموں سے جگمگاتا ایڈن گارڈنر کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستانی فلموں اور ٹی وی کے سُپر اسٹارز کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچ کو دیکھنے کے لیے یو اے ای کی مختلف ریاستوں سے پاکستانیوں کی بڑی تعداد آئی تھی۔

مقامی آرگنائزرز کے ساتھ اس رنگا رنگ میلے کا انعقاد مشہور امریکن پاکستانی آرٹ پروموٹر اظہر قاسمی نے کیا۔ فنکار الیون کی کپتانی مایہ ناز اداکار فیصل قریشی کررہے تھے جب کہ ٹیم میں کپتان فیصل قریشی کے علاوہ نائب کپتان فلم اسٹار سعود، جان ریمبو، نعمان حبیب، جنید خان، محسن عباس، رضوان جعفری، سلمان سعید، نعیم حق اور کاشف خان شامل تھے۔
یہ میچ پاکستانی فنکاروں کی ٹیم نے باآسانی جیت لیا اور مین آف دی میچ سعود قرار پائے، جنہوں نے 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 56 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔

کامیڈین کاشف خان نے زبردست اور مزاحیہ انداز میں اپنی کمنٹری سے وہاں موجود لوگوں کی بڑی تعداد کو محظوظ کیا۔
وننگ ٹرافی لینے کے لیے کپتان فیصل قریشی اسٹیج پر آئے تو خوب تالیاں بجیں۔ اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ دراصل کپتان سعود تھے مگر عین وقت پر یہ بھاری ذمے داری انہوں نے میرے کاندھوں پر ڈال دی۔
میچ کے دوران میلے کا سا سماں رہا۔ شائقین کی جتنی دلچسپی فنکاروں کو کھیلتے ہوئے دیکھنے میں تھی اتنی ہی تن دہی سے وہ اپنے پسندیدہ اسٹارز کے آٹوگراف لینے میں بھی سرگرداں تھے۔
مشہور بین الاقوامی سنگر علی قلی مرزا کی لائیو پرفارمنس نے بھی اس میلے کی رونقوں کو چار چاند لگائے۔ آخر میں کھلاڑیوں کے روپ میں فنکاروں کی پذیرائی کے لیے مختلف اسپانسرز کی جانب سے انہیں بھاری بھرکم تحائف بھی پیش کیے گئے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔