زمین پر 2 لاکھ کھرب چیونٹیوں کی موجودگی کا انکشاف
وزبرگ: سائنس دانوں نے ایک ایسے سوال کا جواب تلاش کرلیا ہے، جس کا پتا چلنا ناممکن تھا، اس کرہ ارض پر کتنی تعداد میں چیونٹیاں موجود ہیں، کا جواب کسی حد تک ڈھونڈ لیا گیا ہے۔
جرمنی کے شہر وزبرگ میں قائم جولیس میکسیملین یونیورسٹی کے محققین نے دعویٰ کیا ہے کہ ہماری زمین پر 20 کواڈرِلین(2 لاکھ کھرب) چیونٹیاں رِینگ رہی ہیں۔
تحقیق کی سربراہ مصنفہ سبین نُوٹین کا کہنا تھا کہ محققین کے اندازے کے مطابق چیونٹیوں کی تعداد20 کواڈرِلین ہے، یعنی 20 کے آگے 15 صفر لگائے جائیں۔
دنیا بھرمیں موجود چیونٹیوں کی تعداد کا اندازہ لگانے کے لیے کی جانے والی تحقیق PNAS نامی جرنل میں شائع ہوئی، جس میں محققین نے لکھا کہ چیونٹیوں کی تقسیم اور بہتات ماحولیات اور دیگر حیاتیات کے لیے ان کے کردار کی اہمیت سمجھانے میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ اگرچہ چیونٹیوں جیسے کیڑے جو ہر جگہ موجود ہوتے ہیں اور ماحولیاتی اعتبار سے ان کی اہمیت ہوتی ہے، لیکن ان کی موجودہ حقیقی کُل تعداد یا ان کی کسی مخصوص خطے میں موجودگی کا اندازہ نہیں ہے۔
اس تخمینے تک پہنچنے کے لیے محققین کی ٹیم نے چیونٹیوں پر کیے جانے والے گزشتہ 489 مطالعات کا جائزہ لیا جو تمام برِاعظموں، بڑی آماج گاہوں اور مختلف ماحولوں پر مبنی تھے۔
تحقیق کے نتائج میں معلوم ہوا کہ زمین پر 20 کواڈرِلین چیونٹیاں موجود ہیں جن کا وزن 12 میگا ٹن یعنی 12 ارب کلوگرام خشک کاربن کے مجموعی وزن کے برابر ہے۔
تحقیق کے شریک مصنف کے مطابق یہ وزن دنیا میں موجود جنگلی پرندوں اور مملیوں کے مجموعی وزن سے زیادہ ہے جب کہ انسانوں کے مجموعی وزن کا 20 فیصد ہے۔