انگلش کھلاڑی بیمار، پاک انگلینڈ کا پہلا ٹیسٹ ملتوی ہونے کا خدشہ
راولپنڈی: انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہے، اس دوران انگلش کھلاڑیوں اور آفیشلز کی طبیعت ناسازی کے باعث پنڈی ٹیسٹ التوا کا شکار ہونے کے خدشات منڈلانے لگے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم کے کم از کم 14 کھلاڑی اور آفیشلز کی طبیعت خراب ہے اور ان کو فوڈ پوائزن سمیت وائرل انفیکشن کی شکایت ہے، اس وجہ سے انگلینڈ کے پاس 11 فٹ کھلاڑی دستیاب نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور انگلش بورڈ اس حوالے سے بات چیت کررہے ہیں، جس کے بعد جمعرات کو پہلا ٹیسٹ شروع ہونے کے امکانات نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کا کہنا ہے اس حوالے سے آئی سی سی کو بھی آگاہ کریں گے، لیکن یہ خالصتاً دونوں بورڈز کا معاملہ ہے، بات چیت کے بعد اس حوالے سے باضابطہ اعلان کردیا جائے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ٹیسٹ کے ٹکٹ فروخت کرچکا ہے جس کے باعث بورڈ کو تمام معاملات طے کرنا ہیں۔
ذرائع کے مطابق دورہ پاکستان پر آنے والی انگلش ٹیم اپنا شیف بھی ساتھ لائی ہے لیکن ان کے شیف کی طبیعت بھی ناساز ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ کل سے راولپنڈی میں شیڈولڈ ہے۔