ڈالر کی اونچی اُڑان، اوپن مارکیٹ میں 322 روپے سے تجاوز کرگیا

کراچی: ڈالر کی روپے کے مقابلے میں قدر بڑھنے کا رجحان تیز رفتاری اور تسلسل کے ساتھ جاری ہے، جس کے نتیجے میں آج بھی ڈالر کرنسی ایکسچینج کی دونوں مارکیٹوں میں بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
کاروباری ہفتے کے مسلسل چوتھے روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر 65 پیسے اضافے سے 305.09 روپے کی نئی بلند ترین سطح سے شروع ہوئی اور دوپہر تک ایک روپے 36 پیسے کے اضافے سے 305 روپے 80 پیسے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
دریں اثناء اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی اُڑان کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعرات کو روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں یک دم ڈھائی روپے کا اضافہ ہوگیا، جس سے ڈالر اوپن مارکیٹ میں 322 روپے کی بلند ترین سطح پر آگیا۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی کاروبار کے آغاز ہی سے مندی کا رجحان ہے۔ جمعرات کو پی ایس ایس میں 233 پوائنٹس کی مندی سے کاروبار شروع ہوا تو کے ایس ای 100 انڈیکس گھٹ کر 46011 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
بعدازاں بازار حصص میں گراوٹ کا رجحان جاری رہا اور 525 پوائنٹس کی مندی سے کے ایس ای 100 انڈیکس گھٹ کر 45719 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔