روپیہ پھر بے وقعت، ڈالر کی قیمت میں بڑا اضافہ

کراچی: امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بے وقعتی کا سلسلہ پھر جاری ہے، ڈالر کی قدر میں ایک مرتبہ پھر بڑا اضافہ دیکھا گیا جب کہ اسٹاک مارکیٹ میں 281.70 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 26 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا اور قیمت 172 روپے 93 پیسے سے بڑھ کر 174 روپے 19 پیسے ہوگئی۔
رواں مالی سال میں ڈالر 10.6 فیصد مہنگا ہوگیا، ڈالر کی قدر میں اضافے سے قرضوں کا بوجھ 1800 ارب روپے بڑھ گیا،
دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے 20 پیسے مہنگا ہوا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 176 روپے 50 پیسے کا ہوگیا۔ رواں مالی سال اوپن مارکیٹ میں ڈالر 18 روپے 50 پیسے مہنگا ہوگیا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری بے یقینی سیاسی صورت حال اور آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کی قسط سے متعلق مذاکرات میں ڈیڈلاک کے باعث ملکی کرنسی بے قدری کی طرف جارہی ہے۔ مذاکرات کی کامیابی تک روپے کی قدر میں بہتری نظر نہیں آرہی۔
دوسری طرف پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 281.70 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 46348.18 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.6 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جب کہ 8 کروڑ 39 لاکھ 45 ہزار 612 شیئرز کا لین دین ہوا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔