نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ بلوچستان

چاند تارے والا سبز ہلالی پرچم ہم تمام پاکستانیوں کی جان، مان اور آن ہے اس پاک وطن پاکستان کی سرحدوں پر حفاظت کرتے ہوئے ہمارے پاک فوج کے دلیر جوان ملک اور قوم کی حفاظت کیلئے اپنا لہو بہا کر بھی اس عرض پاک اور پوری قوم کی حفاظت کرتے ہیں اور جب وطن پر مشکل آئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے سے بھی گریز نہیں کرتے اور جام شہادت نوش کرتے دکھائے دیتے ہیں۔ ملک کی تعمیر و ترقی میں نیشنل سیکیورٹی کا ایک اہم کردار ہے۔ ملکی سلامتی میں سنجیدگی اور بہتر لائحہ عمل ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ یہ عرض وطن یہ پاکستان ہمیں بے شمار شہادتوں اور قربانیوں کے بعد حاصل ہوا۔ پاکستان زندہ باد کا نعرہ ہر پاکستانی کا جذبہ حب الوطنی ظاہر کرتا ہے اور ہر پاکستانی اپنی فتح اور خوشی کے اظہار کیلئے اسے پرجوش انداز میں لگاتا ہوا دکھائی دیتا ہے جبکہ اسے قومی اور سیاسی تقاریر میں بھی استعمال کیا جاتا ہے اور یہ نعرہ ہمیں آزادی کا احساس دلاتا ہے۔

میرے وطن عزیز پر جب بھی کوئی مشکل آئی یا دشمن نے اپنے ناپاک عزائم استعمال کرنا چاہے۔ پاک فوج نے اپنی ہمت ،بہادری اور جرات سے ہر بار دشمن کے ناپاک ارادوں کو پست کرکے اس پر فتح پائی پاک فوج نے صرف بیرونی نہیں بلکہ اندرونی دہشت گردی کا بھی بہادری سے سامنا کرتے ہوئے دہشت گردی کا خاتمہ کیا اور سرحدوں کے ساتھ ساتھ مختلف سیکیورٹی ورکشاپس کے ذریعے ملک کی سلامتی میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔پاک فوج اور حکومت بلوچستان کے اشتراک سے آٹھویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کوئٹہ بلوچستان میں جاری ہے جسکا آغاز یکم نومبر 2021 کو ہوا اور یہ 27 نومبر 2021 تک جاری رہے گی۔ورکشاپ میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، میڈیا، بیورکریسی سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے باہمت اور بہادر 85 افراد شامل ہیں اور ان سب کا تعلق کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے ہے جو کہ ملکی یکجہتی کی ایک اعلی مثال ہے۔

نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ بلوچستان، بلوچستان کی اہمیت اور اسکی قومی ترقی میں کردار کو آگاہ کرنے کیلئے منعقد کی گئی ہے۔ دوران ورکشاپ معروف اسکالرز، سفارتکار ، ٹیکنوکریٹ شرکاء کو لیکچرز کے ذریعے میشنل سیکیورٹی مینجمنٹ سسٹم ، پرسیپشن مینجمنٹ، پاکستان کو درپیش مقامی اور خطے کے مسائل ، کشمیر تنازعہ کے حوالے سے آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔ نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء ملکی سیاسی اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں اور بات چیت کریں گے جبکہ ورکشاپ کے شرکاء جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر باجوہ سے بھی خصوصی ملاقات کریں گے۔ ملکی یکجہتی اور سلامتی کیلئے پاک فوج کی جانب سے ایسی ورکشاپس کا انعقاد قابل تحسین ہے۔ پاک فوج کی جانب سے نیشنل ورکشاپ بلوچستان امن اور سلامتی کی ایک اعلی مثال ہے جس میں مختلف شعبوں کے ذریعے ملک کی خدمات کرنے والے افراد شامل ہیں اور اس خوبصورت گلدستے میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے مختلف رنگ برنگے پھول شامل ہو کر اس امن و یکجتی کے گلدستے کی رونق بڑھا رہے ہیں۔ پاک فوج اور حکومت بلوچستان کے اس اقدام کو دل سے سراہتے ہوئے یہی کہتی ہوں کہ یہ وطن ہم تمام پاکستانیوں کا ہے اور اسکی سلامتی کیلئے ہم اپنے لہو کا آخری قطرہ تک بہا دیں گے۔ میں اپنی اور نیشنل ورکشاپ بلوچستان میں شامل تمام شرکاء کی جانب سے پاک فوج کی شکر گزار ہوں جنہوں نے نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ بلوچستان کیلئے ہمارا انتخاب کر کے ہمیں اس میں شامل کیا۔ ہم سب اپنی پاک فوج کے ساتھ پاکستانی پرچم کے تلے ایک ہیں اور اس پاک وردی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ہم سب ملک میں امن ،ترقی اور سلامتی کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور وقت آنے پر شہادت کا نذرانہ پیش کریں گے۔ پاکستان زندہ باد

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔