ڈالر مہنگا، سونے کی قیمت بھی بلند ترین سطح پر جاپہنچی
کراچی: ڈالر مہنگا ہوگیا جب کہ سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی ہے۔۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق آج کاروبار کے اختتام تک انٹربینک میں ڈالر کا بھاؤ 17 پیسے بڑھا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا کہ انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر 278 روپے 29 پیسے کا ہے۔
خیال رہے کہ انٹربینک میں گزشتہ روز ڈالر 18 پیسے اضافے کے بعد 278 روپے 12 پیسے پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب ملک بھر میں سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ دیکھا گیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں سونے کی قیمت میں 2400 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق ایک تولہ سونا 2400 روپے مہنگا ہونے کے بعد 2 لاکھ 49 ہزار 700 روپے کا ہوگیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونا 2057 روپے اضافے سے 214077 روپے کا ہوگیا ہے۔
دوسری جانب عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 20 ڈالر اضافے سے 2371 ڈالر فی اونس ہے۔