بشریٰ انصاری کی اقبال حسین کے ساتھ شادی کی تصدیق

کراچی: سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی شادی سے متعلق خبروں کی تصدیق کردی۔
بشریٰ انصاری نے شوہر ہدایت کار اقبال حسین کے ساتھ اپنے یوٹیوب چینل پر ہماری ملاقات کے نام سے جاری وی لاگ میں شادی کی تصدیق کی۔
اقبال حسین نے وی لاگ میں بتایا کہ ہماری پہلی ملاقات 2016 میں آن ایئر ہونے والے سیریل سیتا باگڑی کی شوٹنگ کے دوران ہوئی، اس وقت ہم دونوں کی طلاق ہوچکی تھی اور ہم دونوں ہی اکیلے تھے، اس شوٹنگ کے دوران ہی میں نے بشریٰ انصاری کو شادی کی پیشکش کی۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ اقبال حسین کی طلاق مجھ سے کچھ عرصہ پہلے ہوئی اور میں نے کچھ عرصے بعد طلاق لی، لیکن ہم دونوں اُس وقت تک ایک دوسرے سے ملے نہیں تھے، میں نے اپنی طلاق کے حوالے سے کبھی کسی سے بات نہیں کی تھی، کیونکہ مجھے طلاق کو قبول کرنے کے لیے ڈیڑھ سال کا عرصہ لگ گیا۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ میرا شادی کا دُور دُور تک کوئی ارادہ نہیں تھا، میں نے اس شادی کے لیے خود کو ایک ڈیڑھ سال کا عرصہ لے کر منایا، پھر اس کے بعد میں نے اپنی فیملی سے اقبال حسین کو ملوایا تو سب ان کے گرویدہ ہوگئے۔
اس موقع پر اقبال حسین کا کہنا تھا کہ وہ اپنی عمر سے بڑی خاتون سے شادی سے جُڑے معاشرے میں رائج منفی رویوں کی حوصلہ شکنی کرنا چاہتے ہیں۔
دونوں کا کہنا تھا کہ اگر کسی کی طلاق ہوجائے یا اس کے ساتھی کا انتقال ہوجائے تو اکثر بچے اپنے والد کی شادی تو کروا دیتے ہیں لیکن والدہ کو بھی زندگی جینے کا اُتنا ہی حق ہے، اگر زندگی میں آپ کو مخلص ساتھی ملے تو اس کے ساتھ نئی زندگی شروع کرنے میں کوئی حرج نہیں۔
خیال رہے کہ 2019 میں بشریٰ انصاری اور اقبال حسین کی شادی کے حوالے سے خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم دونوں شخصیات کی جانب سے ان خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تھی۔
بعد ازاں بشریٰ انصاری نے 2020 میں اپنی طلاق پر کھل کر گفتگو کی اور 2023 میں اپنی دوسری شادی کی تصدیق کی تھی، لیکن انہوں نے اُس وقت یہ نہیں بتایا تھا کہ ان کی شادی کس سے ہوئی ہے۔
بشریٰ انصاری کی پہلی شادی 1978 میں اقبال انصاری سے ہوئی تھی، جس کے 36 سال بعد انہوں نے طلاق لی، دوسری جانب اقبال حسین کی پہلی شادی ٹی وی میزبان فرح حسین سے ہوئی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔